ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے بعد ہوگی ہریانہ کابینہ کی توسیع: منوہر لال کھٹر

اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے بعد ہوگی ہریانہ کابینہ کی توسیع: منوہر لال کھٹر

Tue, 29 Oct 2019 20:14:45    S.O. News Service

نئی دہلی،29اکتوبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر نے منگل کو کہا کہ اگلے ہفتے اسمبلی کے ممکنہ خصوصی سیشن کے بعد کابینہ میں توسیع کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ججپا رہنماؤں کی ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جو حکمران اتحاد کی کم از کم مشترکہ پروگرام تیار کرے گی۔ہریانہ کے وزیر اعلی کے عہدے کا دوسری بار حلف لینے کے بعد قومی دارالحکومت پہنچے کھٹر نے یہاں صدر رام ناتھ کووند، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو اور بی جے پی کے سیکرٹری جنرل (تنظیم) بی ایل سنتوش سے ملاقات کی۔کھٹر نے اتوار کو وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا تھا۔ان کے ساتھ سابق نائب وزیر اعظم دیوی لال کے پڑپوتے اور ججپا لیڈر دشینت چوٹالہ نے نائب وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا تھا۔بی جے پی نے ریاست میں ججپا کے ساتھ مل کر حکومت بنائی ہے۔کھٹر نے یہاں نائب صدر سے ملاقات کے بعد کہاکہ ریاستی اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے بعد کابینہ میں توسیع کی جائے گی، حکومت کے لئے کم از کم مشترکہ پروگرام تیار کرنے کے واسطے کمیٹی بنائی جائے گی جن میں بی جے پی اور ججپا دونوں پارٹیوں کے لیڈر ہوں گے۔ اسی درمیان، دشینت چوٹالہ نے کہا کہ دونوں جماعتیں ریاست کی فلاح و بہبود کے لئے مل کر کام کریں گی اور اجتماعی طور پر فیصلے لیں گی۔دشینت چوٹالہ بھی دہلی آئے ہیں۔اسمبلی کا خصوصی اجلاس اگلے ہفتے بلائے جانے کا امکان ہے۔کھٹر نے نائیڈو کو بین الاقوامی گیتا فیسٹیول کے افتتاح کرنے کی دعوت بھی دی۔غور طلب ہے کہ بی جے پی کے پاس ریاست میں حکومت بنانے کے لئے چھ سیٹیں کم تھیں اس لئے اس نے ججپا کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا معاہدہ جمعہ کو کیا تھا، ہریانہ کی 90 رکنی اسمبلی میں بی جے پی کو 40 سیٹیں، ججپا کو 10، کانگریس اور 31، انیلو اور ہریانہ لوکہت پارٹی کو ایک ایک نشستیں ملی ہے،سات آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں۔


Share: